راجوری //راجوری ضلع کے اندروالہ گائوں میں ایک خاتون سرپنچ کے گھر کے سامنے ہوئے کم شدت کے دھماکے کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سرپنچ اندروالہ سشما کماری کے گھر کے ساتھ ہی ایک دھماکے کی آواز سنی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دھماکے کی وجہ سے دو موٹر سائیکلوں کیساتھ ساتھ دیگر ساز و سامان کو بھی کچھ حد تک نقصان پہنچا۔سرکاری حکام نے بتایا کہ مذکورہ دھماکہ کم شدت کا تھا جبکہ انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ دھماکہ خام بم کی وجہ سے ہو سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دھماکے میں کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔پولیس نے بتایا کہ معاملہ کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی پولیس پوسٹ چنگس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی تاہم اس دوران ایڈیشنل ایس پی راجوری بھی موقعہ پر پہنچے اور موقعہ کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ تحقیقاتی عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ خاتون سرپنچ کے رہائشی مکان کیساتھ دھماکہ ہوا ہے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔موصوفہ نے بتایا کہ سنیئر پولیس آفیسران نے موقعہ پر جا کر حالات کا جائزہ لیا ہے اور اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔