نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہاہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دنیا میں ہماری عزت ووقار میں کمی آرہی ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ حکومت کے پاس اس سے نمٹنے کی حکمت عملی ہی نہیں ہے ۔مسٹر گاندھی نے بدھ کے روز ٹویٹ کیا،‘‘ ہندستان کی عالمی حکمت عملی واضح نہیں ہے ۔ہماری طاقت اور عزت ووقار کم ہورہاہے اور مرکزی حکومت کو پتہ ہی نہیں ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے ۔’’اس کے ساتھ ہی انھوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے جس میں کہاگیاہے کہ چاہ بہار ریل پروجکٹ میں پیسہ دینے میں تاخیر کا حوالہ دیتے ہوئے ایران نے ہندستان کو اس سے باہر کردیاہے۔ ادھرکانگریس کی اترپردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانپور میں ایک نوجوان کے اغوا کے واقعہ کے معاملے پر یوگی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ سے آسانی سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ محترمہ واڈرا نے بدھ کے روز کہا کہ کانپور میں بدمعاشوں نے ایک نوجوان کا اغوا کرلیا تھا۔ اغوا کرنے والے کنبے سے پھیروتی کی رقم مانگی گئی۔ کنبے نے مکان اور شادی کے جواہرات فروخت کرکے 30 لاکھ جمع کئے۔ پولس کے کہنے پر گھروالوں نے پیسوں سے بھرا بیگ بھی اغوا کرنے والوں کے حوالہ کردیا اور پولس نہ تو بدمعاشوں کو پکڑسکی اور نہ ہی ان کے بیٹے کو رہا کراسکی۔اب گھروالے کافی دکھی ہیں اور ان کا برا حال ہے ۔(یو این آئی)