جموں//نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر،سابق وزیروسینرنائب صدرسرجیت سنگھ سلاتھیہ نے کہاہے کہ پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت نے سرحدی عوام کی مشکلات کوپس پشت ڈال دیاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی مخلوط حکومت عوام کی امنگوں پرکھرااترنے میں مکمل طورناکام ہوچکی ہے۔سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے ان خیالا ت کااظہاروجے پوراسمبلی حلقہ کے رام گڑھ سرحدی سیکٹرکے ریکالبانہ گائوں میں عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے سرحدپارسے سانبہ،ہیرانگر،آرایس پورہ وغیرہ سرحدی علاقہ جات میں آئے دن ہونے والی گولہ باری سے ہورہے نقصانات پرتشویش کااظہارکیا۔انہوں نے گولہ باری کیلئے پی ڈی پی۔بی جے پی کوذمہ دارٹھہرایا۔سلاتھیہ نے حکومت سے پڑوسی ملک کے خلاف ٹھوس کارروائی عمل میں لانے کامطالبہ کیااورانتباہ دیاکہ اگرایسانہیں کیاگیاتونیشنل کانفرنس مرکزی اورریاستی سرکارکے خلاف ایجی ٹیشن شرو ع کرنے کیلئے مجبورہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت سرحدی علاقہ جات کے لوگوں کومحفوظ مقاما ت پررہائش ودیگرسہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ سرحدی عوام کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔اس موقعہ پر بلاک صدور بھگوان سنگھ،موہن سنگھ پٹی، ضلع صدراین سی ریاض احمد، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی بڑی براہمناں رمن گپتا، سٹی صدروجے پوراین سی سوداگرگپتا، ضلع سیکریٹری این سی اوم پرکاش اتری ،سابق سرپنچ پگوان داس ،کمل سنگھ ،درشن سنگھ،تجیندرسنگھ،دویندرسنگھ،راکیش ڈوگرہ،سیکریٹری گورودوارہ پربندھک کمیٹی ریکاملکیت سنگھ،سیکریٹری گورودوارہ پربندھک کمیٹی رادھاسمپورن سنگھ،کیپٹن تاراسنگھ،کلجیندرسنگھ اوراجے شرمابھی موجودتھے۔