حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒ کا سالانہ عرس ،وادی بھر میں تقاریب

سرینگر// حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کا 460 واں سالانہ عرس نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں وادی میں سب سے بڑی تقریب اُن کی درگاہ واقع کوہ ماران پر منعقد ہوئی جہاں شب خوانی، درود اذکار اور ختمات المعظمات کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔ وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں عقیدتمندوں نے عرس کے دوران حاضری دی۔ عرس کے سلسلے میں علمائے کرام نے زیارت پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلطان العارفینؒ طریقت ، شریعت ، معرفت اور روحانیت کے امام تھے۔ اُن کا دل انسانی ہمدردی کے جذبے سے لبریز تھا۔ نمازِ ظہر سے قبل مولانا خورشید احمد قانونگو نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ خلوص و ایثار ، سخاوت وسر چشمی ، شفقت و محبت ، عزم وہمت ، صبر واستقلال اورسادگی وانکساری کے اعلیٰ نمونہ تھے اور اﷲ کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم صاحب کی درگاہ صدیوں سے اسلامی تہذیب وتمدن ، ثقافت ، علم وادب اور اﷲ کے بندوں اور آنحضور ؐکے امتیوں کے دلوں کے سکون رہے ہیں۔ ایسی ہی تقریبات تجر شریف ، اہم شریف بانڈی پورہ، مخدوم منڈل کپرن، نادی ہل بانڈی پورہ، اسلام آباد، بارہمولہ، کپوارہ ،کھاگ ، گاندربل اور دیگر کئی مقامات پر منعقد ہوئیںجہاں تبرکات کی نشاندہی بھی کی گئی۔