سرینگر //سٹارٹ اپس کو فروغ دینے کیلئے مرکزی سرکار کی طرف سے شروع کی گئی سٹارٹ اپ انڈیا یاترا جے اینڈ کے جے کے ای ڈی آئی کیمپس پانپور میں اختتام پذیر ہوئی ۔ اختتامی تقریب پر زراعت ، سماجیات ، ٹیکنالوجی اور خواتین کارخانہ داری سے تعلق رکھنے والے ریاست کے اختراع کاروں کو ایوارڈس سے نوازہ گیا ۔ 182 شرکاء نے اپنے خیالات ظاہر کئے جن میں سے 75 کی شارٹ لسٹنگ عمل میں لائی گئی اور ان میں سے مختلف زمروں میں 21 کو اعزازات سے نوازہ گیا ۔ 21 جیتنے والوں میں دس لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی ۔ ایک لاکھ روپے کا جوری ایوارڈ وسیم احمد نداف کو واٹر پیوری فکیشن میں جدیدیت لانے کیلئے دیا گیا ۔ پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کی حثیت سے موجود تھے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت اختراع کاروں کو ہر طرح کی مدد دینے کیلئے تیار ہے تا کہ وہ اپنے آمدن بخش یونٹ قایم کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے سٹارٹ اپ پالیسی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نوجوان اختراع کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے انہوں نے کہا کہ اس پالیسی سے متعلق جانکاری فراہم کرانے کیلئے جلد ہی ایک موبائیل ایپلیکیشن شروع کی جائے گی ۔ جے کے ای ڈی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم آئی پرے ، وی سی آئی یو ایس ٹی اونتی پور پروفیسر مشتاق صدیقی ، ڈائریکٹر انڈسٹریز بلال احمد اور سکاسٹ کشمیر کے پروفیسر صدیقی بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ یہ یاترا ڈویژنل کمشنر جموں نے پچھلے مہینے کی 27 تاریخ کو جے کے ای ڈی آئی جموں سے روانہ کی تھی ۔ سٹارٹ اپ انڈیا وین مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں سے گذری اور یاترا کے دوران مختلف مقامات پر بوٹ کیمپوں کا انعقاد کیا جن میں طلاب نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ سٹارٹ اپ انڈیا کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملک میں اختراعیت کو فروغ حاصل ہو اور ابھرتے ہوئے کار خانہ داروں کی مدد ہو سکے ۔ اس مشن کے ذریعے سے 10999 سٹارٹ اپس کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی ہے جس کی بدولت 109869 افراد کو روز گار فراہم ہو گا ۔