عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی// گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی میں محکمہ صحت کے اشتراک سے منشیات کے خلاف ایک جامع آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد طلبہ کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔ یہ پروگرام کالج کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت معزز پرنسپل پروفیسر ممتا گپتا نے کی۔پروگرام میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر کسم نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی اور ایک معلوماتی و بصیرت افروز لیکچر پیش کیا۔ انہوں نے منشیات کے جسمانی، نفسیاتی اور سماجی اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے بروقت آگاہی، احتیاطی تدابیر اور کمیونٹی کی مشترکہ کوششیں نہایت ضروری ہیں۔
پروگرام کا آغاز شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر عرفان عارف کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کے پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں بلکہ معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایک ذمہ دار کردار ادا کریں۔اس موقع پر کالج کے دیگر اساتذہ کرام بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، جن میں پروفیسر کیول کرشن، ڈاکٹر پالک ملہوترا، پروفیسر بلدیو، پروفیسر پوجا دھیمان، لیفٹیننٹ راکیش کمار (پی ٹی آئی)، ڈاکٹر رادھیکا، پروفیسر ونیت اور محترمہ ریتا دیوی شامل تھے۔ ان کی موجودگی نے پروگرام کو مزید مؤثر اور بامقصد بنایا۔ڈاکٹر عمر حبیب، کنوینر این سی ائو آر ڈی نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے محکمہ صحت، ریسورس پرسن اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پروگرام کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ طلبہ اور اساتذہ مل کر ایک منشیات سے پاک اور صحت مند معاشرہ قائم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔