پونچھ//سابق وزیرغلام احمد گنائی کی تئیسویں برسی کے موقعہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس سلسلے میں ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس دوران قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔مقررین نے مرحوم گنائی کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کسی ایک مذہب یا طبقہ کی خدمت نہیں کی بلکہ سماج کے ہر ایک طبقہ و مذہب کے ماننے والوں کے کام آئے ۔انہوں نے کہاکہ وہ پونچھ کے ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے ایسے اقدامات کئے جن کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ اپنے خطاب میں مرحوم کی بیٹی اور ممبر قانون سا زکونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے کہاکہ مرحوم نے لوگوں کو عزت ووقار دیا اور ہر ایک طبقہ کی خدمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ غریبوں اور سماج کے دبے کچلے طبقہ کیلئے ایک امید تھے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے مجموعی مفادات کے کام کئے اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ انہوں نے کہاکہ ان کا اصل مقصد سیاسی و معاشی ترقی تھا ۔آخر پر شہنا ز گنائی اور دیگر ان نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔