جموں //وزیر برائے مکانات و شہری ترقی ست شرما جو کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کی ہاسپٹل ڈیولپمنٹ فنڈ ( ایچ ڈی ایف ) کے چئیر مین بھی ہیں ،نے ہاسپٹل ڈیولپمنٹ فنڈ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندا رینہ ، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر دھارا سنگھ ، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ، انچارج ایمر جنسی ونگ کے علاوہ پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی ، پی ڈبلیو ڈی میکنیکل ونگ کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران ست شرما نے ادارے کی جانب سے مالی اور مادی حصولیابیوں کا جائیزہ لیا ۔وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ گذشتہ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایچ ڈی ایف کے تحت مئی 2018 تک 1.98 کروڑ روپے ریونیو کمایا گیا ۔ ست شرما نے ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے احاطہ کے جاذب نظر بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وزیر موصوف نے ہسپتال کے روز مرہ کے کام کاج کو احسن طریقے سے چلانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے 1.50 کروڑ روپے منظور کئے ۔ انہوں نے ہسپتال میں بہتر بنیادی طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے چلائے جا رہے بہبودی پروگراموں کو من و عن عملانے کی بھی ہدایت دی ۔