جواہر ٹنل پر بادل پھٹے، شاہراہ بند خانہ بدوشوں کا ٰخیمہ بہہ گیا،80 بھیڑ بکریاں ہلاک

محمد تسکین
بانہال//بدھ کو بانہال میں جواہر ٹنل علاقے میں بادل پھٹنے کے ایک واقع میں خانہ بدوش کنبے کا ایک ڈیرہ مکمل طور پانی کے ریلے میں بہہ کر تباہ ہوگیا جبکہ 80 کے قریب بھیڑ بکریاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔یہ واقعہ بدھ کی علی الصبح چار بجے کے قریب پیش آیا۔ بارشوں کے بعد بادل پھٹنے کے واقع کے وقت خیمے میں موجود افراد معجزاتی طور بچ نکلے جبکہ ان کا خیمہ اور تمام سامانِ مکمل طور سیلابی ریلے میں بہہ گیا اور 80 بھیڑ بکریاں بھی سیلابی ریلے کی نذر ہوگئیں۔یہ ڈیرہ منظور احمد ولد عبدالرحیم بکروال ساکن دھنی بکٹا ضلع کٹھوعہ کا تھا اور وہ گرمیوں کے دوران مال مویشی لیکر جواہر ٹنل ٹاپ پر ہر سال آتا ہے۔ ایس ایچ او بانہال منیر احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور نوگام والنٹیئرس کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور متاثر کنبے کو ابتدائی امداد پہنچائی ۔ تحصیلدار بانہال امتیاز احمد نے بھی علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین میں عبوری امداد تقسیم کی ۔بادل پھٹنے کے واقع میں کھانے پینے کی اشیا، نقدی رقم اور ضروری سامان کے بہہ جانے کے بعد نزدیکی گائوں نوگام سے نوگام والنٹیئرس کے رضاکاروں نے متاثرہ افراد کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا اور اس کیلئے جواہر ٹنل کی سابقہ سڑک پر کھانے پینے کا لنگر لگایا گیا ۔ادھربدھ کی سہ پہر بعد رام بن سیکٹر میں تیز بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی۔ تیز بارشوں کے بعد کیلا موڑ ، مہاڑ ، سیری اور کیفٹیریا موڑ کے علاقے میں پتھروں اور پسیوں کے گر انے کی وجہ سے شاہراہ بند کی گئی۔ ٹریفک کو نویگہ اور ناشری ٹنل کے آر پار روک دیا گیا ۔ مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ علاقے میں گرتے پتھروں کی وجہ سے بحالی کا کام متاثر ہو رہا تھا۔