جواہر نگر متبادل رابطہ سڑک کا حال بے حال

راجوری //راجوری ضلع کے دیہات کیساتھ ساتھ قصبہ میں بھی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہو تی جارہی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں و راہگیروں کیساتھ ساتھ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے پی ایچ ای دفتر تا اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کے دفتر کے درمیان تعمیر ہوئی رابطہ سڑک کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے اب سڑک آہستہ آہستہ کھڈوں میں تبدیل ہو نا شروع ہو گئی ہے ۔شیوم بخشی نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے پی ایچ ای دفتر تا پرانی ڈائٹ رابطہ سڑک خستہ حال ہے لیکن متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی اس کی مرمت نہیں کی گئی ۔امت شرما نامی ایک اور مقامی شخص نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگر قصبوں میں رابطہ سڑکیں کھڈوں میں تبدیل ہو رہی ہیں تو تعمیر و ترقی کن علاقوں میں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ عام راہگیروں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔