راجوری //راجوری کا ٹھکریاں گائوں جنگلات میں لگی آگ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا ۔قریب تھاکہ گائوں آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آجاتا تاہم فوج ، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ جنگلات کی ٹیم نے اس پر کڑی مشقت کے بعد قابو پالیا اور اسے رہائشی علاقے تک پھیلنے نہیں دیا۔ ٹھکریاں گائوں کے لوگوں کاکہناہے کہ یہ آگ سوانی گائوںسے بڑھک اٹھی جو دو دنوں کے دوران کئی دیگر علاقوں تک بھی پھیل گئی اور ان کا علاقہ بھی اس کی زد میں آنے ہی لگاتھاکہ اس پر قابو پالیاگیا ۔ایک نوجوان لڑکی نے بتایاکہ گزشتہ رات سوانی جنگل میں آگ کے شعلے دیکھے گئے اور کچھ ہی وقت بعد یہ آگ کئی کنال اراضی تک پھیل گئی ۔اس نے بتایاکہ صبح کے وقت تک آگ غیر رہائشی علاقوں تک ہی محدود تھی تاہم ساڑھے دس بجے اس کے شعلے بگلہ محلہ تک پہنچ گئے ۔مقامی شہریوںنے بتایاکہ یہ آگ بہت تیزی سے آگے کی طرف بڑھی اور چار گھر اس کی زد میں آنے لگے تھے جن کے مالکان محمد شریف ولد فقیر محمد، محمد رفیق ولد محمد شریف اور عبدالعزیز ولد محمد سائیں اہل خانہ سمیت گھروں میں ہی پھنس گئے ۔صدام احمد نے بتایاکہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی نوجوان اور خواتین دوڑ کر وہاں پہنچ گئیں اور دو گھنٹوں کی کڑی مشقت کے بعد گھروں کو بچالیاگیاتاہم آگ دیگر علاقوں میں لگاتار پھیلتی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ آگ اس قدر شدید تھی کہ بزرگ خواتین کو بھی چھلانگ لگاکر اس پر قابو پانے کیلئے کوششیں کرناپڑیں ۔دریں اثناء مقامی لوگوںکی طرف سے اطلاع ملنے پر فوج ، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ جنگلات و پولیس اور فائر سروس کی طرف سے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی جس میں سینئر افسران نے بھی حصہ لیا ۔اس دوران کئی درخت گر پڑے جس کی وجہ سے بتھونی اور ٹھکریاں لنک سڑک بند ہوگئی تاہم بعد میں اسے ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیا ۔اس کے علاوہ ٹھکریاں گیارہ کے وی بجلی لائن بھی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے علاقے کی سپلائی بند ہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ آگ کی وجہ سے دو سو کنال سے زائد اراضی متاثر ہوئی ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے آپریشن جاری ہے ۔ضلع کے دیگر مقامات ڈسل ، بڈھون ، جھنگڑ ، بھوانی وغیرہ سے آگ کی اطلاعات ہیں ۔دریں اثناء مینڈھر کے سرحدی علاقہ منکوٹ کے جنگلات میں بھی آگ بڑھک اٹھی ہے جس کے باعث کئی مائن بلاسٹ ہوئے ہیں تاہم کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ آگ کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات کی ٹیم موقعہ پر پہنچ گئی ہے اور وہ اس کو بجھانے کی کارروائی سرانجام دے رہی ہے ۔
آتشزدگی سے دکان تباہ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ بھیرہ میں بجلی شارٹ سرکٹ ہونے سے ایک دکاندار کی کریانہ کی دکان کو دن دہاڑے آگ لگ گئی جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہواہے ۔ محمد فاروق کی کریانہ کی دکان کو اچانک سے آگ لگی جس سے کافی نقصان ہواہے ۔آگ کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگ موقعہ پر جمع ہو گئے اور انہوںنے آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں حصہ لیا جبکہ فائر سروز کی گاڑی بھی پہنچ گئی ۔کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا تاہم مقامی لوگوںنے انتظامیہ سے متاثرہ دکاندارکی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔