جموں//ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹراورشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے اشتراک سے ’’تحقیق کے طریقہ کار ‘‘کے موضوع پرایک ہفتے کی ورکشاپ ایک پُروقارتقریب کے ساتھ اختتام پذیرہوگئی۔اس دوران اختتامی تقریب میں ڈائریکٹرپونچھ کیمپس پروفیسردیپانکرسین گپتامہمان خصوصی جبکہ پرنسپل ایم اے ایم کالج پروفیسر سنیل اُپل مہمان ذی وقار تھے۔صدرشعبہ اُردوپروفیسرشہاب عنایت ملک اورڈائریکٹرایچ آرڈی سی پروفیسرراہل گپتابھی ایوان صدارت میں موجودتھے۔اس موقعہ پرمختلف کالجوں کے فیکلٹی ممبران اوراسکالروں نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے ورکشاپ کوکافی فائدہ منداورکامیاب قراردیا۔انہوں نے کہاکہ پروفیسرجگرمحمد،پروفیسرجی ایم بٹ اورڈاکٹرجیون جیوتی ودیگران کے لیکچرکافی معلوماتی تھے۔پروفیسردیپانکرسین گپتانے شعبہ اُردواورایچ آرڈی سی کواہم موضوع پرورکشاپ کے انعقادکیلئے مبارکبادپیش کی۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی ورکشاپ مستقبل میں بھی منعقدکی جانی چاہئیں تاکہ تحقیق کا معیارمزیدبہترہوسکے۔پرنسپل ایم اے ایم کالج پروفیسرسنیل اُپل نے شعبہ اُردومیں پے درپے ادبی تقاریب کے انعقادکیلئے پروفیسرشہاب عنایت ملک کی کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے ایم اے ایم کالج میں منعقدہونے والی حالیہ ادبی تقاریب کے بارے میں جانکاری دی۔پروفیسراُپل نے کہاکہ یونیورسٹی کوچاہیئے کہ اس طرز کی ورکشاپوں کاانعقادایم اے ایم کالج میں بھی کیاجائے۔قبل ازیں ڈائریکٹرایچ آرڈی سی پروفیسرراہل گپتانے شرکاء کااستقبال کیاجبکہ صدرشعبہ اُردواورڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسرشہاب عنایت ملک کاشکریہ کی تحریک پیش کی۔ورکشاپ میں 67 اساتذہ اوراسکالروں نے حصہ لیا ۔اختتامی تقریب کے دوران ورکشاپ کے شرکاء میں پروفیسردیپانکرسین گپتااورپروفیسرسنیل اپُل کے ہاتھوں اسنادبھی تقسیم کی گئیں۔