جموں//اگرچہ اسمبلی ،پارلیمانی انتخابات کی طرح شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات کی مہم کے دوران بھی جموں شہرکی مسلم بستیوں والے وارڈوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اُمیدواروں نے لوگوں سے وعدے کئے ہیں کہ وہ کامیاب ہونے کے بعدوارڈوں میں ترقی کاانقلاب لائیں گے ،اگرچہ جموں کی مسلم بستیوں کے رائے دہندگان نے حسب روایت اس توقع کے ساتھ کسی نہ کسی اُمیدوارکے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کااستعمال توکردیاہے لیکن مسلم بستیوں کے مکینوں میں تشویش بھی پائی جارہی ہے کہ آیایہ امیدواراپنے وعدے ایفاکریں گے یاپھرانہیں پھردھوکہ ہی ہوگاجس کاجواب آنے والاوقت ہی بتائے گا۔لوگوں کی دھوکہ سے متعلق تشویش بجاہے کیونکہ جموں شہرکی مسلم بستیاں انتظامیہ کی عدم توجہی کاشکارہیں جس کی نمایاں مثال نروال ہائی وے سے کریانی تالاب سڑک ہے جہاں سے گذرنے میں مقامی لوگوں اوردیگرمسافروں بشمول گاڑی ڈرائیوروں کوشدیدکوفت کاسامناکرناپڑتاہے۔ کریانی تالاب کے متعددلوگوں نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ کریانی تالاب کوجانے والی سڑک اس قدربدحالی کی شکارہے کہ یہاں سے موٹرسائیکل،سکوٹی اوردیگرگاڑیوں پربیٹھی سواریوں کوشدیدمشکل جھیلنی پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جے ایم سی حکام اورضلع انتظامیہ جموں بالکل بھی نروال ہائی وے سے کریانی تالاب بستی کی طرف جانے والی سڑک کوبہتربنانے کیلئے غفلت شعاری کامظاہرہ کررہی ہے جس کے سبب لوگ سخت پریشان ہیں ۔لوگوں نے کہاکہ ایسے توجموں شہرکی تمام مسلم بستیاں نظرانداز ہیں لیکن سب سے زیادہ نظرانداز کریانی تالاب سڑک ہے جس کی خستہ حالی پرمتعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔لوگوں نے کہاکہ جموں شہرکی نروال ۔کریانی تالاب سڑک کی خستہ حالی سے ہی اندازہ ہوجاتاہے کہ شہرمیں مسلم بستیاں کس قدرتعمیروترقی کے اعتبارسے نظراندازہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اس سڑک سے کافی موٹر سائیکل ، سکوٹراور آٹوودیگرچھوٹی بڑی گاڑیوں ہرروز گذر تی ہیں یہاں تک کہ اس سڑک سے بچے صبح اسکول کے لئے بھی جاتے ہیں جس کے باعث کئی بار وہ ان گڈھوں میں بھی گر جاتے ہیں اور انہیں بعض دفعہ چوٹیں بھی لگ جاتی ہیں،ساتھ ساتھ ان بچوں کے کپڑے بھی خراب ہو جاتے ہیں۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے یہاں سے گذرنے والے متعددلوگوں نے بتایاکہ یہاں سے لوگوں کا گذرنا بے حد مشکل ہو گیا ہے۔سڑک پر اتنے گڈھے پڑے ہیں کہ ان کے بارے میں بیان کرنااظہارسے باہرہے ۔یہاں سے گذرنے والے لوگوں کے کپڑے بھی خراب ہو جاتے ہیں۔وہیں دوسری طرف موٹر سائیکل و سکوٹر وں کو نکلنے میں بھی پریشانی ہوتی ہے۔کئی بار لوگوں کی راستہ خراب ہونے کی وجہ سے گاڑی پھسل جاتی ہے اور کئی لوگ چوٹ کھا بیٹھتے ہیں۔لوگوں نے مزیدکہاکہ خراب سڑک کی وجہ سے لوگوں کا اس سڑک سے گزرنا مشکل ہو گیا ہے۔ایسا نہیں کہ یہ بات کسی کو معلوم نہیں ہے بلکہ وہاں کے لوگ اس بات کو بخوبی جانتے ہیں۔ایک مسافر نے کہا کہ پہلے سے ہی سڑک پر گڈھے پڑے ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہاں سے نکلنے میں ہر روز پریشانی ہوتی ہے ۔نہ جانے کب یہ گڈھے بھرے جائیں گے اور لوگوں کے اچھے دن آئیں گے۔یہ روز کی بات ہے نہ کہ کوئی نئی بات ہے کہ جس کے بارے میں کسی کو معلوم نہ ہو۔حیرت کی بات یہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے قاصرہے اورغفلت کامظاہرہ کررہی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ جلد سے جلد نروال ۔کریانی تالاب سڑک کی خستہ حالی کودورکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو ان روز مرہ کی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔