جموں کشمیر میں کافی حد تک امن بحال انتخابات جلد کرائے جائیں:بخاری

عازم جان

بانڈی پورہ//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں بہت حد تک امن بحال ہوچکا ہے اور جب عوامی سرکار آئے گی تو لوگوں کو اس بات احساس ہوجائیگا کہ امن و چین میں سانس لینا کتنا آسان ہوتا ہے۔وہ ملنگام بانڈی پورہ میں حضرت ننگا باجی صاحب کے سالانہ عرس کے موقعہ پر میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر جب منتخب سرکار نہیں ہوتی ہے تو عوام اور بیورو کریسی میں بہت بڑا خلیج ہونا قدرتی ہے کیونکہ لوگ حکومت کیساتھ نزدیک نہیں ہوتے اور درمیان میں ایک خلا ہوتا ہے، اور لوگ خود کو الگ تھلگ محسوس کرتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اسی لئے اپنی پارٹی چاہتی ہے کہ جلد سے جلد عوامی سرکار بحال ہو ،تاکہ لوگوں کے مسئلے حل ہوں۔بخاری نے کہا’’ انتخابات کیلئے ہر ایک پارٹی تیار ہوتی ہے جب بھی ہوں،اللہ کرے کہ جلدی ہوں، ہمیں امید ہے کہ ہماری پارٹی کو فتح حاصل ہوگی‘‘۔اس سے قبل انہوں نے پارٹی لیڈران کے ہمراہ درگاہ پرحاضری دی۔

 

درگاہ کے سجادہ نشین سید ولایت حسین شاہ کاظمی نے پارٹی رہنماوں کا استقبال کیا۔ قائدین نے درگاہ پر اپنی حاضری کے دوران جموں کشمیر میں امن و استحکام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقعہ پر بخاری نے زائرین اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ بھی جموں کشمیر میں قیام امن کے لئے دعائیں کریں۔ ان کا کہنا تھا، اس خطے میں دہائیوں سے جاری ناسازگار حالات اور پر تشدد دور میں لوگوں کو بے حد جانی اور مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہم مزید تباہی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ یہاں کا ہر رہائشی اس خطے میں امن و سلامتی کیلئے دعا گو ہو۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے ایک پر امن اور خوشحال جموں کشمیر کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا جموں کشمیر کو ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کیلئے دائمی امن کی ضرورت ہے۔