عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو کہا کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پنچایتی انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے اور اسکے لئے طریقہ کار کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔حکومت نے مزید کہا کہ انتخابات کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر برائے انتخابات جاوید احمد ڈار نے کہا، “ہم پنچایتی انتخابات کے لیے تیار ہیں، کچھ رسمی کارروائیوں کی ضرورت ہے اور کچھ چیزوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جو ہم کر رہے ہیں،” ۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ایک الگ جواب میں، وزیر نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)کے لیے ریزرویشن کا مسئلہ حکومت کے زیر غور ہے۔انہوں نے کہا” ریزرویشن کا ایک مسئلہ ہے، حکومت اس کا جائزہ لے رہی ہے، اس پر بات چیت ہو رہی ہے،” ۔انہوں نے کہاکہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا”جب اسے مکمل طور پر مرتب کر کے پیش کیا جائے گا، تب اس پر عمل درآمد کیا جائے گا،” ۔