راجوری //بارڈر روڈ آرگنائزیشن کی طرف سے جموں پونچھ شاہراہ کے اس سولہ کلو میٹر حصہ کی مرمت کرکے اس پر تارکول بچھایاجارہاہے جس کی خراب حالت کی وجہ سے شاہراہ پر سفر 25منٹ اضافی ہوجاتاتھا۔ پچھلے کئی عرصہ سے نوشہرہ ٹائیں پل اور کلر چوک راجوری کایہ سولہ کلو میٹر حصہ خستہ حالی کاشکار بناہواتھاجس کی وجہ سے نوشہرہ سے راجوری تک کی چالیس کلو میٹر کی مسافت طے کرنے میں اسی سے نوے منٹ لگ جاتے تھے اورلوگوںکو دھکے کھانے پڑتے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ 2010-11اور2014-15کی تیز بارشوں کی وجہ سے سڑک کے اس حصے کو نقصان پہنچاتھاتاہم اس کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی اور لوگوں کو کئی سال تک تکلیف دہ سفر کرناپڑامگر اب اس کی مرمت کرکے اس پر تارکول بچھایاجارہاہے جس سے سفر آسان ہوجائے گا۔ سڑک کی حالت کو دیکھتے ہوئے بی آر او کی طرف سے ناریاں گائوںسے مرمت کاکام شروع کیاگیااور مشینری اور افرادی قوت کی مدد سے تارکول بچھائی جارہی ہے ۔ اکتیس بی آر ٹی ایف کے کمانڈر کرنل یو این سنگھ نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ کلر سے ناریاں تک سولہ کلو میٹر حصہ کاکام بیس جولائی سے قبل مکمل ہوجائے گاجس کے بعد راجوری سے نوشہرہ تک سفر بیس سے تیس منٹ کم ہوجائے گا۔