جموں// جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے سریش رینہ کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں تاکہ پیشہ ورانہ سطح پر جامع تربیتی پروگرام کے ساتھ جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی دی جاسکے۔سول سکریٹریٹ میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور انٹرنیشنل کرکٹر سریش رینہ کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط ہوئے۔لیفٹنٹ گورنر نے اس بات کی امید کی کہ اس اقدام سے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور قومی اور بین الاقواکی ٹورنامنٹس کی مختلف سطحوں میں اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا موقعہ ملے گا۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ سریش رینہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک تحریک بنیں گے جو بڑی لیگوں میں شمولیت کے لئے سخت کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سریش رینہ جیسے تجربہ کار بین الاقوامی کرکٹرز، جو لاکھوں خواہش مند کرکٹرز کے لئے ایک ماڈل ہیں، جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں، اور امید ہے کہ جلد ہی جموں وکشمیر کے پاس بہت سے کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے تیار ہوں گے۔بتایا گیا کہ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کو فروغ دینے کے لئے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو کوچنگ دینے کی خاطر سریش رینہ کرکٹ اکیڈمی کے ذریعہ استعمال کے لئے معاون انفراسٹرکچر مہیا کرے گی۔ مفاہمت نامہ میں کھیلوں کی سہولیات کی بحالی اور سہولیات کیلئے سریش رینہ کرکٹ اکیڈمی کے ذریعہ آلات کو جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ذریعہ استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ مفاہمت نامہ ایک سال کی مدت کے لئے چلے گا اور باہمی افہام و تفہیم پر قابل تجدید ہوگا۔چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ،لیفٹنٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار،یوتھ سروسزو اسپورٹس، ٹورازم اور کلچر محکموں کے سکریٹری سرمد حفیظ اور جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سکریٹری نسیم جاوید چوہدری بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔