تھنہ منڈی//جموں و کشمیر بینک کی طرف سے تھنہ منڈی کے ٹائون ہال میں ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں وائس چیئرمین و ضلع جنرل منیجر راجوری محمد بطور مہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پر بینک کی تھنہ منڈی برانچ کے منیجر کیول کمار شرما،نتین بخشی و بیوپار منڈل اراکین ، سماجی وسیاسی کارکنان و مقامی معززین اور پنچایتی نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔بیوپارمنڈل ارکان نے بینک کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اسے بیروزگاری کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔انہوں نے بینک حکام کو تجاویز سے بھی نوازا۔اپنے خطاب میں بینک کے وائس چیئرمین نے بینک کے قواعد و ضوابط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ان کا بینک سب سے زیادہ روزگارکے مواقع فراہم کررہاہے جس میں روزگار کمانے کیلئے تربیت فراہم کی جاتی ہے اور کم شرح سود پر لاکھوں روپے کے قرضے فراہم کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر بینک کے چیئرمین پرویز احمد کی ہدایت پر لوگوں کو جانکاری فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ بینک کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں سے زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ بینک کے پاس نہ اسکیموں کی کمی ہے اور نہ ہی پیسوں کی ۔ ان کاکہناتھاکہ جموں و کشمیر بینک ایک سایہ دار درخت ہے جس کے سائے تلے ہزاروں لوگ بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام اور کاروباری طبقہ کو چاہئے کہ اس سایہ دار درخت کی آبیاری کیلئے تعاون کریں اور ان لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو اس اثاثے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خط افلاس سے نیچے کی زندگی بسر کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے جن کو مالی مدد درکار ہے جس کیلئے بینک تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ بینک کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کی جانکاری کیلئے کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔