پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میںگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 6افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8245ہوگئی ہے۔ اس دوران جمعہ کو ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 82ٹیسٹ کئے گئے جن میں 6افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔
ڈاکٹر رائے کا کہنا تھا کہ ڈینگی متاثرین میں خواتین 2اور 4مرد شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کے آبادئی علاقوں میں لوگوں کوڈینگی کے پھیلائو سے بچانے کیلئے علاقے میں کیمائی ادویات کا چھڑکائوکیلئے مہم کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو ڈینی سے بچائو کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کیلئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ جموںصوبے میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے 6افراد میں سے کٹھوعہ میں ایک جبکہ 5ادھمپور میں متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے ضلع جموں، سانبہ، ریاسی، راجوری،پونچھ، ڈودہ، رام بن اور کشتواڑ میں کوئی بھی شخص ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کوئی بھی شخص گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر صوبے میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 14بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے 31637ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 8245افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔