پرویز احمد
سرینگر // جموں صوبے میںگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 50افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے اور اسطرح ابتک ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 7500ہوگئی ہے۔ اس دوران ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے تعینات ڈویژنل نوڈل آفسرڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں صوبے میں194تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5بچوں سمیت 50افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ 50متاثرین میں 26مرد اور 24خواتین شامل ہیں۔ ڈیوژنل نوڈل آفیس جموں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں صوبے میں سوموار کو مزید 50افراد کے ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سرینگر میں سب سے زیادہ38، سانبہ میں 1، کٹھوعہ میں 5، ادھمپور میں 3،ریاسی میں 2 اور پونچھ میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ راجوری، ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے اور یہاں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 11بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے 24ہزار 374ٹیسٹ کئے گئے جن میں 6789افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی تھی۔