جموں میں مزید 27 افرادڈینگی سے متاثر کل تعداد 8000سے پار

پرویز احمد

سرینگر // جموں صوبے میں سنیچر کو ڈینگی سے مزید 27افراد متاثر ہوئے ہیں اور اسطرح جموں و کشمیر میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 8040 ہوگئی ہے جبکہ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر کو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 207ٹیسٹ کئے گئے جن میں 27افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ڈاکٹر ہرجیت رائے نے بتایا کہ ڈینگی متاثرین میں 13خواتین اور 14مرد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ڈینگی متاثرین کے علاقوں میں کیمائی ادویات کے چھڑکائو کے علاوہ لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کی بھی جانکاری دی گئی ہے۔ اعداد و شمارکے مطابق جموں صوبے میں سب سے زیادہ 20ضلع جموں، ایک سانہ،ادھمپور میں 4 اور ریاسی سے 2افراد تعلق رکھتے ہیں۔ جموں کے کٹھوعہ، راجوری، پونچھ،ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔کشمیر صوبے سے تعقل رکھنے والے کسی بھی شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 13بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی سے 29ہزار397ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8040افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور اسطرح ابتک جموں و کشمیر میں ڈینگی متاثرین کی شرح 27فیصد ہوگئی ہے۔