جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر مستعفی آج نئے ناموںکو حتمی شکل دئے جانے کا امکان

سید امجد شاہ

جموں//جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے میئر چندر موہن گپتا اور ڈپٹی میئر پورنیما شرما نے پارٹی کے لیے کام کرنے کے لیے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔جموںوکشمیربی جے پی کے صدر رویندر رینا نے بی جے پی رہنماؤں اور کارپوریٹروں کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کی اور بتایا کہ “جے ایم سی کے میئر اور ڈپٹی میئر نے خوشی سے پارٹی کے لیے اپنا وقت وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

اس سلسلے میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا‘‘۔انہوں نے چندر موہن گپتا کی بطور سینئر لیڈر پارٹی کام کے تئیں ان کی لگن اور جموں میونسپل حدود کی ترقی میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارپوریٹروں کے درمیان ایک نئے میئر اور نئے ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ حالانکہ کوئی بھی میئر یا ڈپٹی میئر کے عہدہ کے لیے سامنے آنے والے امیدواروں کا نام ظاہر کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، تاہم پارٹی کے اندرونی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ میئر کے عہدے کے لیے دو کارپوریٹرس ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا ’’نئے کارپوریٹر کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے اتوار کو بھی میٹنگ ہوگی اور پیر کو، ممکنہ طور پر نئے میئر اور ڈپٹی میئر جے ایم سی میں چارج سنبھالیں گے‘‘۔رینا نے کہا”پارٹی اگلے میئر اور ڈپٹی میئر کے نام کا فیصلہ کارپوریٹروں کے ساتھ مشاورت سے کرے گی”۔

 

بی جے پی کے ایک لیڈر نے کہا کہ نئے میئر اور ڈپٹی میئر کے نام پر اتفاق رائے کے لیے اتوار کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں کارپوریٹروں اور سینئر لیڈروں کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ بھی میٹنگ میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کی شام کو نئے میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں کا اعلان ہونے کا امکان ہے۔لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے ابتدائی طور پر میئر اور ان کے نائب کو اپنی نصف مدت پوری کرنے کے بعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2020 میںکووڈپھیلنے کی وجہ سے، پارٹی نے ان دونوں کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔دریں اثنا، جے ایم سی کے سابق میئر چندر موہن گپتا نے کہا کہ وہ اپنا وقت پارٹی اور اپنے وارڈ کے لیے وقف کریں گے جہاں سے وہ کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔انکاکہناتھا”میئر ہونے کے ناطے، میں وارڈ کا دورہ کرنے کا وقت حاصل کرنے سے قاصر تھا۔ اب میں عوام کے ساتھ ساتھ پارٹی کے لیے بھی کام کرنے کے لیے آزاد ہوں گا‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ 50 پلس (جموں و کشمیر میں آنے والے انتخابات میں اسمبلی کی نشستیں) حاصل کرنے کے لیے پارٹی کے مشن کو پورا کرنے کے لیے کام کریں گے “