جموں//حکام نے بتایا کہ بدھ کو یہاں سول سیکریٹریٹ کی مرکزی عمارت میں آگ لگ گئی، لیکن فوری طور پر اس پر قابو پالیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کی وائس چیئرپرسن حنا شفیع بھٹ کے کمرے سے نمودار ہوئی۔حکام کے مطابق شہر کے وسط میں واقع کثیر منزلہ عمارت کی اوپری منزل پر واقع کمرے میں دوپہر ایک بجے کے قریب آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ۔حکام نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں تعینات فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا ایک فائر ٹینڈر فوری طور پر کام میں لگا دیا گیا اور عمارت کے آس پاس کے چھ دیگر اسٹیشنوں سے آگ بجھانے والے فائر ٹینڈروں کے ساتھ شامل ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پالیا گیا لیکن اآگ لگنے سے دو کمروں کی چھت اور دیگر سازوسامان کو شدید نقصان پہنچا۔تاہم حکام نے بتایا کہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حنا بٹ نے کہا کہ اس نے اپنے کمرے میں جلتی ہوئی تاروں کی بو محسوس کرنے کے بعد آگ دیکھی اور عملے کو آگاہ کیا۔”فائر سروس کو مطلع کیا گیا تھا، اور ہم نے آگ بجھانے والے آلات کا استعمال کرتے ہوئے شعلوں کو بجھانے کی کوشش کی،”۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بظاہر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔