یو این آئی
حیدرآباد//سپریم کورٹ کالیجم نے جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کو آندھراپردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔وہ 8مارچ 2013 کو جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے جج مقرر کئے گئے تھے جہاں وہ سینئر جج رہے۔ ان کا تبادلہ جون 2022میں بمبئی ہائی کورٹ کردیاگیا جس کے بعد سے وہ بمبئی ہائی کورٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ان کو منی پور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کے سلسلہ میں کالیجم نے 9فروری 2023کو سفارش کی تھی جو حکومت کے پاس زیرالتوا تھی۔جسٹس پرشانت کمار مشرا چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کے بعد 19مئی 2023سے یہ عہدہ مخلوعہ تھا۔واضح رہے کہ دھیرج سنگھ ٹھاکر کا تعلق ضلع رام بن سے ہے اور انکے بڑے بھائی جسٹس ٹی ایس ٹھاکر، چیف جسٹس آف انڈیا تھے۔چیف جسٹس بننے کے بعد وہ پہلی بار رام بن اپنے آبائی گھر بھی آئے تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر کے دادا ،دیوی داس ٹھاکر جموں کشمیر میں 1975میں کابینہ وزیر تھے۔