عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کل کہا کہ حکومت اَپنے وعدوںکوپورا کرے گی اور جموں و کشمیر میں شروع کئے گئے اور طویل عرصے سے زیر اِلتوأ تمام منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔سری نگر کے خانیار اور حضرت بل علاقوں کے ایک تفصیلی دورے کے دوران انہوں نے کہا،’’اِس حکومت کو پانچ سالہ مینڈیٹ ملا ہے۔ ہم اَپنے تمام وعدوں کو پورا کریں گے اور جموں و کشمیر میں جاری اور طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔتمام منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔‘‘اُنہوں نے خانیار اور حضرت بل کے اندرونی علاقوں کے دورے کے دوران سڑک کو چوڑا کرنے اور عوامی بنیادی ڈھانچے کے کئی اہم منصوبوں کا جائزہ لیا جن میں کولی پورہ۔خانیار سڑک کی چوڑائی، خواتین کے لئے گورنمنٹ ڈِگری کالج زکورہ (حضرت بل)، ملہ باغ روڈ چوڑا کرنے کا منصوبہ، گگرو سٹور کے قریب الٰہی باغ چوک اور حضرت بل کے علاقے میں عمر ہیر۔ڈگا پورہ روڈ چوڑا کرنے کا منصوبہ شامل ہیں۔متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام جاری کاموں کی رفتار تیز کریں، وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں اور ہر منصوبے میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔ سریندر کمار چودھری نے ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ عوامی آواجاہی کو بہتر بنائے گا، ٹریفک کی رکاوٹوں کم کرے گا اور حضرت بل اور ملحقہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرے گا۔نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ’’گڈورا۔ عمر ہیر روڈ پر رُکاوٹوں کی چوڑائی‘‘ کے منصوبے کو 543.93 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کولی پورہ خانیار میںاندرونی لنک سڑکوں کی اَپ گریڈیشن اور چوڑائی کے پورے منصوبے کا جائزہ لیاجو ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے اور رہائشی و تجارتی علاقوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے اہم ہیں۔