ٹنگمرگ+اننت ناگ //شاجی مرگ ٹنگمرگ میں تندوے نے ایک مرکبان کو زخمی کردیا۔ اتوار کی شام 7بجے پرویز احمد ساکن لارے ڈورہ چندوسہ دیگر مرکبانوں کے ساتھ گلمرگ سے واپس شاجی مرگ آرہا تھا کہ اس دوران جھاڑیوں میں موجود تندوا نمودار ہوا جس نے مرکبان پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ۔دیگر مرکبان کے شور مچانے پر تیندوا بھاگ گیا اور زخمی مرکبان کو فوری طور پرٹنگمرگ اسپتال منتقل کیا گیاجہاں اس کا علاج معالجہ چل رہا ہے۔ دو روز قبل ہی تندوے نے بسکو سکول کے نزدیک شوکت احمد کھٹانہ نامی مزدور کو زخمی کیا تھا ۔ادھرکوکا گنڈ ویری ناگ میں اتوار کو حمیدہ بانو زوجہ محمد سید نامی خاتون اس وقت ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی جب وہ باغ میں کام کر رہی تھی ۔ادھر چونٹی پورہ میں ریچھ نے عبدالغنی پڈر ولد محمد رمضان نامی شہری پر حملہ کرکے اس کو شدید زخمی کر دیا۔زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے پی ایچ سی ویری ناگ میں داخل کیا گیا جہاںبعد میں انہیں مزید علاج معالجے کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔