تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میں کرونا کرفیو کا نفاذ جاری ہے جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ پچھلے 20 دنوں سے جاری بندشوں کے باعث بازار اور نجی کاروباری ادارے بند پڑے ہیں۔ اس دوران ایمرجنسی سروسز کے علاوہ سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ بازار میں چکن ،سبزی، پھل، دودھ، بیکری ،گوشت و کیریانہ کی دوکانیں مخصوص اور محدود وقت تک ہی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر پولیس کے مستعد اہلکار بازار میں گشت کر رہے ہیں جبکہ قصبہ کے تمام علاقوں میں کووڈ ویکسی نیشن اور جانچ کا عمل جاری ہے۔ قہر آلود کرونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار نوجوان خاص کر مزدور طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ کسمپرسی کے عالم میں جی رہے اس طبقہ نے حکومت سے مالی معاونت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی گزر بسر میں آسانی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔