تھنہ منڈی میں شہری کا قتل، ظفر اقبال منہاس کی مذمت | انتظامیہ سے متاثرہ کنبے کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل

عظمیٰ نیوزسروس

راجوری // اپنی پارٹی کے نائب صدر اور راجوری-اننت ناگ لوک سبھا سیٹ کے لئے پارٹی اُمیدوار ظفر اقبال منہاس نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ راجوری کے تھنہ منڈی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے ایک شہری کے خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔اس دہشت گردانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ظفر اقبال منہاس نے سیکورٹی ایجنسیوں کو تلقین کی ہے کہ وہ ملوث دہشت گردوں کو فوراً دھر لیں تا کہ اُنہیں اُن کے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔اپنے ایک بیان میں ظفر اقبال منہاس نے کہا، ’’میں تھنہ منڈی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ایک بے گناہ شخص کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ مقتول عبدالرزاق کو ان کے گاوں کنڈا ٹاپ میں دہشت گردوں نے اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ نماز کی ادائیگی کے بعد مقامی مسجد سے باہر آرہے تھے۔ اس طرح کی وحشیانہ کارروائیوں کی جس قدر بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ میں سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ قاتلوں کو پکڑیں تاکہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔‘‘