کشتواڑ
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ میں یوم عالمی تپ دق منانے کے سلسلہ میںایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جسے سی ایم او ڈاکٹر عبدالمجید نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ ریلی کا انعقاد ضلع ٹی بی کنٹرول سوسائٹی کشتواڑ نے لوگوں میں تپ دق کی بیماری کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے لوگوں میںبیداری پیدا کرنے کے لئے کیا گیا تھا ، جس میں ضلع کے مختلف سکولوں کے300سے زائد طلاب نے شرکت کی۔اس سال کے عالمی تپ دق کا موضوع "Leaders for a TB free India: End TB"۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ تپ دق کی بیماری کو ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس بیماری سے فی منٹ تین اموات ہوتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ عوام میں اس بیماری سے پھیلنے کے متعلق بیداری پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے کہ اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے اور یہ بیماری قابل علاج ہے اور سرکار نے اس بیماری پر قابو پانے کیلئے کئی اقدام کئے ہیںتاکہ کروڑوں قیمتی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔مقررین نے مزید کہا کہ یہ دن منانے کا سب سے بڑا مقصد تپ دق کے خلاف لڑنا اور اس مہلک بیماری کو اکھاڑ پھینکنا ہے ،جس سے کروڑوں زندگیاں تلف ہوئی ہیں۔
رام بن
ایم ایم پرویز
رام بن میں یوم عالمی تپ دق منانے کے لئے ضلع تپ دق مرکز میں ایک تقریب منعقد کی گئی ،جس میں رام بن کے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر سیف الدین مہمان خصوصی تھے،جنھوں نے ایک ریلی کو بھی ہری جنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔اس موقعہ پر مختلف سکولوں کے طلاب کو اس بیماری کی علامتوں سے باخبر کیا گیا ۔اس کے علاوہ چیف میڈیکل افسر نے اجتماع کو ضلع ہسپتال میں ایم ڈی آر ٹیسٹوں کی دستیابی کے متعلق بھی جانکاری دی اورا نہیںDOTS پروگرام سے بھی واقف کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 1569 مشکوک لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 60ٹیسٹ مثبت پائے گئے،جنھیں مزید علاج کے لئے ریفر کیا گیا ۔تقریب میں دیگران کے علاوہ میڈیکل افسر ڈاکٹر پرویز ،اساتذہ اور محکمہ صحت رام بن کے سٹاف ممبران بھی شامل تھے۔.