راجوری /پونچھ//تنخواہوں کو ڈی لنک کرکے مرکزی بجٹ سے ریاستی بجٹ میں منتقل کرنے اور ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی و دیگر مطالبات کے حق میں ایس ایس اے اساتذہ کی طرف سے کی جارہی ہڑتال بدھ کے روز بھی جاری رہی جس دوران اساتذہ نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔پونچھ میں احتجاج کی قیادت رہبر تعلیم فورم کے ضلع صدر حمید نباض نے کی۔قبل ازیں اساتذہ کرشن چندر پارک سے ایک ریلی کی شکل میں نکلے اور راستے میں انہوں نے سڑک پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔حمید نباض نے سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو ایس آر او 396 کے تحت لگایا گیا یے جن میں سے سینکڑوں کو پروموشن دے کر ماسٹر گریڈ بھی مل چکا ہے اور آج حکومت کیسے یہ کہہ رہی ہے کہ یہ نور سوسائٹی کے ملازم ہیں۔انہوں نے کہاکہ مالی سال کی فروری کی تنخواہ کو ایک سازش کے تحت بند رکھ کر اپریل کی بغیر پے کمیشن کے واگزار کیا جو کہ قوم کے معماروں کے ساتھ ایک بھدا مذاق ہے۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے اگر مسائل حل نہ ہوئے تو پونچھ کے ہزاروں اساتذہ پرتاپ پارک سرینگر میں عید نماز پڑھ کر وزیر اعلیٰ کے گھر کی طرف مارچ کریں گے جسکی زمہ داری سرکار پر عائدہوگی- اس موقعہ پرضلع نائب صدر انعام الرحمان گیگی،ریاستی کوآرڈینیٹر خلیل خان، ریاستی میڈیا تجزیہ کار ایم ایم پٹھان،ریاستی ڈپٹی پریس سیکرٹری گلناز چوہان،صوبائی سیکریٹری رزاق گلشن، اسحاق خیال،صوبائی نائب صدر نشاط تانترے،زونل صدور کلیم خان،ظہور خان،جمیل آحمد،عارف خان،اجمل شاہ، محمد الیاس، ساجد شیخ،شفیق چوہان،شاہد قریشی، اسلم چوہان،مشتاق ملک،عرفان بجران،عمران قادر،رفیق میر،معشوق خان،شکور خان،شفیق احمد،منظورتانترے، چوہدری قاسم، آصف لون،فاروق منگرال،اسلم شیخ،علی راتھر وغیرہ بھی موجود تھے۔وہیں راجوری میں بھی ایس ایس اے اساتذہ نے احتجاج جاری رکھا اور بدھ کو انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جس میں ضلع بھر سے اساتذہ نے شرکت کی۔یہ احتجاج رہبر تعلیم فورم کے بینر تلے کیاگیا جس کی قیادت فورم کے ریاستی جنرل سیکریٹری جہانگیر عالم خان اور ضلع صدر آفتاب تاترے نے کی۔اس موقعہ پر اساتذہ نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی وزیر اعلیٰ ان کی تنخواہیں واگزار کرنے کا فیصلہ لیاہے تاہم یہ ان کے طویل مدتی مسائل کا حل نہیں اور ان کی تنخواہیں ڈی لنک کی جائیں جبکہ ان کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی بھی ہو۔انہوں نے کہاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اساتذہ کو احتجاج کیلئے مجبور کیاجارہاہے۔بعد ازآں ایک وفد نیایڈیشنل ڈی ڈی سی راوری اے ایس چب سے ملاقات کرکے انہیں اپنے مطالبات پر مشتمل میمورنڈم پیش کیا۔دریں اثنا پونچھ میں نیشنل کانفرنس نے اساتذہ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیاہے کہ وہ ان کے مطالبات پورے کرے۔