ول// ٹھٹھارکہ مولکوٹ سرنڈا روڈ پر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غیر معیاری تعمیرات کو بند کرنے کی مانگ کی ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک جو پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہے اس میں غیر معیاری میٹریل کا کھلم کھلا استعمال ہو رہا ہے جس وجہ سے یہ تعمیرات کے ساتھ ہی زمین بوس ہو رہی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر جو دیواریں دی جاتی ہیں وہ بھی دو دو فٹ کی ہیں جس وجہ سے اراضی اور لوگوں کے مکانات کو کافی خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہاں پر اس سڑک کو دیکھنے کے لئے پی ایم جی ایس وائی کا کوئی ملازم بھی نہیں آیا اور انتظامیہ بھی یہاں کی طرف نہیں دیکھ رہی ہے ۔ اس موقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے لوگوں نے انصاف کی مانگ کی اور کہا کہ کئی مرتبہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ حکام اور محکمہ سے بھی فون پر رابطہ کیا کہ یہاں پر ناقص تعمیری کام ہو رہا ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ سال سے سڑک پر تعمیری کام چل رہا ہے لیکن ابھی نا مکمل ہے اور یہاں پر جو دیواریں دی جا رہی ہیں اُس میں پتھر ہی پتھر لگا رہے ہیں اور کسی بھی جگہ پر نالی نہیں ہے سارا پانی قبرستانوں ، رہائشی مکانوں میں اور زرعی اراضی میں جاتا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ گیارہ سال سے ایک مل ہائر سکینڈری سکول کے پاس آئی ہے ابھی تک محکمہ اس کو ہٹانے میں ناکام ہے اور ہم اس سلسلے میں تحصیلدار گول ، ایس ڈی ایم گول سے بھی ملاقات کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو رہا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ کسی بھی محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم محکمہ کے ساتھ ہیں محکمہ بہتر کام کرے اور ناقص کام کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدارنے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ساتھ مل کر لوٹ مار گرم کر رکھا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ جب تک نہ یہاں پر انتظامیہ آئے گی تب تک کام بند رہے گا ۔