پونچھ //وزیر سیاحت تصدق حسین مفتی نے ضلع پونچھ کے دورے کے دوران کہا کہ ضلع میں سیاحتی بنیادی ڈھانچہ کو ترقی دینے کے امکانات روشن ہیں۔وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے قمر حُسین اور ایم ایل اے شاہ محمد تانترے، ڈپٹی کمشنر پونچھ، ناظم سیاحت اور دیگر سنئیر افسران تھے۔،وزیر موصوف نے کہا کہ پیر پنچال میں سیاحتی سیکٹر کو ترقی دینا وادی کی خوبصورتی کے مد نظر بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں ریاستی حکومت نئے مواقعے تلاش کر رہی ہے تا کہ پونچھ کو عالمی سیاحتی نقشہ پر لایا جاسکے۔وزیر موصوف نے اپنے دورے کے دوران ڈاک والا ڈوگا، ڈیرہ کی گلی ویو پوائنٹ، نوری چھمب واٹر فال اور دیگر سیاحتی مقامات کا جائیزہ لیا۔وزیر سرنکوٹ اور منڈی لورن بھی گئے اور وہاں ٹریکنگ روٹس کا معائنہ کیا تا کہ ریاست میں ایڈوینچر ٹورازم کو فروغ دیا جاسکے۔علاوہ ازیں انہوں نے دیرہ گلی کے نواح میں واقع ایک سکول کابھی دورہ کیاجہاں پرطلباء کی کارکردگی پرعدم اطمینان کااظہارکیا۔