راجوری //راجوری قصبہ میں ٹریفک کی پڑھتی ہوئی بھیڑ کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے جگہ دستیاب ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ گاڑیاں پارک کرنے میں شدید مشکلات کاسامنا کررہے ہیں ۔قصبہ میں پارکنگ کیلئے جگہ کا تعین نہ کئے جانے کی وجہ سے اکثر گاڑیوں کو غلط پارک کیا جارہا ہے جوکہ ٹریفک جام کی اصل وجہ بن گئی ہے ۔ہٹشویر شرمانامی ایک مقامی شخص نے پارکنگ نہ ہونے کو ڈرائیوروں کیلئے ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کو چائیے کہ وہ پارکنگ کی جگہ فراہم کرنے کو ترجیح دے تاکہ ٹریفک نظام میں خلل نہ آئے ۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک جام ایک ایسا معاملہ ہے جس سے لگ بھگ سبھی افراد کو متاثر ہونا پڑتا ہے ۔وارڈ نمبر دو راجوری کے ایک تاجر محمد آزاد نے بتایا کہ قصبہ میں گاڑیوں کی پارکنگ کا معاملہ ایک سنجیدہ نوعیت کا مسئلہ بن چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری قصبہ کے تاجروں کا زیادہ انحصار دیہات کی آبادی پر ہوتا ہے جبکہ قصبہ کا رخ کرنے والوں کیلئے پارکنگ کا معیاری بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ تجارتی نظام بھی متاثر ہورہا ہے ۔تاجر ایسوسی ایشن کے ہیڈ راکیش گپتا نے بتایا ک پارکنگ کے معاملہ کیلئے انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رجوع کیا گیا ہے جبکہ ماضی میں اس سلسلہ میں کئی یاداشیں اور تجاویزت بھی پیش کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ معیاری طبی نظام کے بعد پارکنگ کا معاملہ راجوری قصبہ کے دو اہم مسائل میں شامل ہے ۔گپتا نے بتایا کہ کئی مرتبہ ایمبولینس گاڑیاں جام میں پھنس جاتی ہیں تاہم ابھی تک کوئی عملی کام نہیں کیا جاسکا ہے ۔چیئر مین میونسپل کونسل راجوری محمد عارف نے اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ راجوری میں پارکنگ کیلئے جگہ کا نہ ہونا ایک اہم مسئلہ ہے تاہم میونسپل کونسل اس سلسلہ میں کام کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عبداللہ پل کے نزدیک پارکنگ کی تعمیر کے سلسلہ میں سائٹس کیلئے تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ اس کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ پانچ مزید جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔