سری نگر//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)رہنما یوسف تاریگامی نے پیر کو کہا کہ تریپورہ میں اقلیتی طبقے کے خلاف حالیہ تشدد کے واقعات افسوسناک ہیں جس نے ایک بار پھر خطے میں نفرت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کچھ فرقہ پرست عناصر بنگلہ دیش میں فرقہ وارانہ تشدد کی آڑ میں تریپورہ میں اقلیتی برادری کے خلاف جذبات کو ہوا دے رہے ہیں۔ تریپورہ کی بی جے پی حکومت ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے، جو وہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑ رہے ہیں۔ کرگل سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے ایک معروف کارکن سجاد حسین کرگلی کو پولیس کی طرف سے تریپورہ میں اقلیتوں کے خلاف تشدد پر ایک ٹویٹ کے لیے طلب کرنا اس بات کی روشن مثال ہے کہ لداخ کی انتظامیہ کس طرح تشدد کے خلاف بولنے والوں کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔ لداخ انتظامیہ کو سمجھنا چاہیے کہ ایسی کارروائیوں سے حقیقی آواز کو دبایا نہیں جا سکتاہے۔