انقرہ// ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلہ زدہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ قدرتی آفت کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہوچکی ہے ۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں شام اور ترکیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور بچ جانے والے بے سروسامانی کے عالم میں شدید سرد موسم سے نبرد آزما ہیں۔ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (ایف اے ڈی) کے ہیڈکوارٹرز میں کابینہ کے اجلاس کے بعد ترک صدر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘منہدم ہوئی عمارتوں سے آخری شہری کو نکالنے تک ہم اپنا کام جاری رکھیں گے ’۔انہوں نے کہا کہ عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ آئندہ آنے والے مہینوں میں تعمیر نو شروع کردی جائے گی۔دریں اثنا ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم زلزلے کے نتیجے میں تباہ یا ناقابل استعمال ہوجانے والے تمام گھروں، کام کی جگہوں کو دوبارہ تعمیر کریں گے اور انہیں ان کے حقیقی مالکان کے حوالے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے جس میں سے 13 ہزار اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔