پونچھ//پونچھ کی تاجر برادری کی جانب سے بیوپار منڈل پونچھ کے بینر تلے کورونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کے سلسلے میں تاجروں اور عوام کو ماسک پہنائے گئے۔ اس سلسلے میں تاجر اتحاد کے زیر اہتمام بس اڈہ پونچھ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مختلف بازاروں کے صدور نے شرکت کی۔آگاہی تقریب کے موقع پر راجیو ٹنڈن،پون آنند،محمد سعید،ستیندر سنگھ،نیشو گپتا،دلشاد احمد اور دیگران نے کہا کہ ہم نے ملکر کورونا کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ انہوں نے مارکیٹ کے تمام دکانداروں میں بھی ماسک تقسیم کئے اور دکانوں کو آنے والے گاہک کو بھی ماسک استعمال کرنے کی تلقین کرتے رہے۔تاجروں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر نہایت ہی خطرناک ہے اس لئے سبھی لوگوں کو اس کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے ہی تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہن کر رکھیں، سماجی دوری اختیار کریں، بار بار ہاتھ دہوتے رہیں اور محکمہ صحت کی جانب سے جو بھی ہدایت ملتی ہیں ان پر عمل کریں۔