راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے حالیہ دنوںکی گئی ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے دوران بے گھر ہونے والے کنبوں کے 29طلباء کو تعلیمی امداد کے ساتھ ساتھ سکالر شپ اور انشورنس سہولیات بھی فراہم کی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے ضلع سوشل ویلفیئر افسر ڈاکٹر عبدالخبیر، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز وقار طالب ، ڈی آئی او محمد شفاعت ، سپرانٹنڈنٹ آئی ٹی آئی اجوال مہاجن ، تحصیلدار ایس ڈی چوہان ، نائب تحصیلدار اور دیگر افسران کی موجودگی میں ان طلباء کو تعلیمی امداد اور سکالر شپ فراہم کئے ۔انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ تعلیمی امداد کے طور پر تمام طلباء کے تعلیمی اخراجات ادا کئے جائیںگے جبکہ ان کو سکول بیگ ، کتابیں ، سٹیشنری اور سکالر شپ کی صورت میں نقدی امداد بھی فراہم کی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ڈگری کالج میں زیر تعلیم طلباء کو دس دس ہزار جبکہ ہائراسکینڈری اور ہائی سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کو پانچ پانچ ہزار روپے اور اسی طرح سے مڈل اور پرائمری سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کوبالترتیب چار اور تین ہزارروپے فراہم کئے گئے ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ ایک سال کیلئے کتابیں اور دیگر اشیاء فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوںنے مزید بتایاکہ ہر ایک طالبعلم کا دو لاکھ روپے کا انشورنس کوور کیاگیاہے جس کے تحت موت کی صورت میں دو لاکھ روپے جبکہ معذوری پر ایک لاکھ روپے ملیںگ اورپانچ سال تک پریمیم کی ادائیگی ضلع انتظامیہ کرے گی ۔واضح رہے کہ انتظامیہ نے ان کنبوںکو متبادل زمین بھی فراہم کردی ہے ۔