جموں//بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں ضلع کے ارنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ایک مشتبہ ڈرون پر فائرنگ کی۔بی ایس ایف کے عہدیداروں نے بتایا کہ اگلی پوسٹوں کی حفاظت کرنے والے چوکیدار دستوں نے صبح 5:30 بجے بین الاقوامی سرحد کے قریب ارنیا میں آسمان پر چمکتی ہوئی سرخ اور زرد روشنی دیکھی۔افسران نے کہا کہ فوجیوں نے لائٹ مشین گن کے 25 راؤنڈ اڑائے جس کی وجہ سے اس نے کچھ اونچائی حاصل کی اور پاکستانی طرف چلا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر مقامی پولیس کی مدد سے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے سرحد پر موجود فوجیوں کو چوکس کر دیا ہے اور گشت تیز کر دیا گیا ہے۔عہدیدار کے مطابق دیہی دفاعی کمیٹیاں ، بارڈر پولیس ، بی ایس ایف اور خفیہ ایجنسیاں سرحدی پٹی میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہیں اور مشتبہ افراد کی جانچ کی جا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ عسکریت پسند تنظیمیں دراندازی کرنے کے قابل نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے متبادل ذرائع یعنی ڈرون کو اپنایا ہے تاہم ہم امن کو توڑنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور مقامی لوگوں کے ساتھ ان کا ہم آہنگی نتیجہ خیز رہی ہے اور بہت سے ڈرون طیاروں کا بروقت پتہ چلا اور اسلحہ/گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔