جموں//بین الاقوامی یوم منشیات کی مناسبت سے جموں کشمیر پولیس کی کرائم برانچ کی جانب سے شہر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اس سلسلہ میں کرائم برانچ جموں کی جانب سے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں تا کہ نوجوانوں کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات اور ان سے بچنے کی تراکیب کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ نوجوانوں کو منشیات کے چلن کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے نکالی گئی ان ریلیوں کے تئیں لوگوں نے خاصے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔ ریلیوں کے دوران گاڑیوں پر لوڈ سپیکر فٹ کر کے اعلانات کرنے کے علاوہ پمفلٹ تقسیم کئے گئے، جب کہ متعدد بینر لگائے گئے تھے جن پر منشیات مخالف نعرے درج تھے۔ ان ریلیوں کو ایڈیشنل ایس پی کرائم سورم سنگھ نے زونل کرائم ہیڈ کوارٹر پنج تیرتھی سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیاجب کہ ان ریلیوں میں ڈی ایس پی عرفان خان، پی او رویندر راٹھور، انسپکٹر اشونی شرما، سنیل شرما، پورن پنڈتا، سب انسپکٹر سنیل شرما ، ہلال اظہر، اے ایس آئی جتیندر بھٹ، ہیڈ کانسٹبل کیول سنگھ، سریندر سنگھ، راج کمار، ونود کمار، شام لال، موہن سنگھ، گردھاری لال، کانسٹبل ساحل شرما، اقبال سنگھ ، روہت مہرہ بھی موجود تھے۔