پونچھ//پورے ملک کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو اْن کے 130 ویں یوم پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔اس سلسلہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مہلا مورچہ کی صدر رجنی بھلہ کی قیادت میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں ان کی تصویر پر پھول باری کر کے انھیں خراج پیش کیاگیا۔بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے باہمی اشتراک سے پونچھ کے صدر بازار میں ایک تقریب منعقد کی گئی جہان مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اْنھیں بھارت کے آئین کے معمار کے طور پر جانا جاتا ہے اور اْنھیں بعدازمرگ 1990 میں ملک کے سب سے اعلیٰ اعزازبھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔ بجرنگ دل کے صدر نیشو گپتا نے بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی نمایاں شخصیت اور آئین کے معمار بابا صاحب نے عدل وانصاف پر مبنی سماج کیلئے بہت جدوجہد کی تھی۔سابق ایم ایل سی پردیپ شرما نے بھی اپنی رہائش گاہ پر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو اْن کی جینتی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر امبیڈکر نے آزادی کے بعد ملک کو ایک نیا نظریہ دیا جس کے لئے انھیں ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔