بھدرواہ //ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال کی قیادت میںایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے افسروں و انجینئروں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں وزیر اعلیٰ کے گُذشتہ ماہ دسمبر میں منعقدہ دورے کے دوران اجرا کئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس اعلی ٰ سطح میٹنگ میں اے ڈی سی بھدرواہ اما م دین، تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد، پلاننگ افسر ڈوڈہ ،اے ای ای محکمہ تعمیرات عامہ عطا محمد شیخ، اے ای ای صحت عامہ منظور میر، بی ایم او بھدرواہ ڈاکٹر یدھ ویر سنگھ ،ای او میونسپلٹی محمد اشرف زرگر،ایس ایچ او بھدرواہ منیر خان، و دیگر افسراں بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر اپنے اجلاس میں ڈی سی ڈوڈہ نے تمام سٹیک ہولڈروں سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی یقین دہانیوں کو فوری طور لاگو کرنے پر زور دیا ، جن کی تکمیل کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے31 مارچ کا نشانہ مقرر کردیا ۔انہوں نے تمام افسروں کو یقین دہانیوں کی کاروائیوں پر رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر لینے کی ہدایت دی۔انہوں نے تمام افسروں کو ایڈشنل ضلع بھدرواہ میں ترقیاتی کام شروع کرنے میں درپیش حائل روکاوٹوں کو دور کرنے اور آپسی تال میل سے کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مزید کہا کہاگر ان روکاوٹوں کو دور کرنے میں دقت آتی ہے تو ڈی سی سے رابطہ کیا جائے۔اجلاس میں محکمہ صحت عامہ، تعمیرات عامہ ،دیہی ترقیاتی ،پلاننگ، مال ،آبپاشی، بجلی، تعلیم و صحت ،آئی سی ڈی ایس، سوشل ویلفیئر ،باغبانی، زراعت اور میونسپل حکام نے بھی شرکت کی۔