بھدرواہ // قدیم منی مہیش یاترا کے لئے یاتریوں کا دوسرا قافلہ چھڑی مبارک کے ساتھ بدھ کے روز بھدرواہ سے آگے کی یاترا کے لئے روانہ ہوا ۔مُختلف دیہات بشمول منتھلا، مالانی، ڈُگی، ڈانڈی، کانسر، ڈھوسہ پانی، ڈالین، ڈھمونڈا اور ٹھبا سے آئے ہوئے درجنوں کی تعداد میں یاتری روایتی چھڑی مبارک کے ساتھ لکشمی نرائن مندر بھدرواہ میں اکٹھا ہوئے،جہاں سے وہ منی مہیش کی یاترا کے لئے روانہ ہوئے ۔ یاتری بھدرواہ سے بھیجہ کے لئے روانہ ہوئے جہاں پر یاتری رات بھر قیام کرنے کے بعد ہماچل پردیش میں مقیم شرائن کے لئے روانہ ہونگے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ منی مہیش یاترا کے لئے یاتری براستہ بھدرواہ۔ پدری۔چمبہ سے جاتے ہیں۔اس یاترا کے لئے اب تک دو گروپ روانہ ہوئے ہیں ،جبکہ یاتریوں کا ایک اور گروپ منی مہیش یاترا کے لئے جنم اشٹمی کے روز روانہ ہونگے۔مقامی انتظامیہ کے علاوہ یاتریوں کو ایک نامور سیاسی شخصیت مست ناتھ یوگی اور سناتن دھرم سبھا کے صدر وید کمار کوتوال نے روانہ کیا،جو سنگڑی دیہات تک چھڑی مبارک کے ساتھ بھی رہے ۔درین اثنا یاترا خوش اسلوبی اور پر ام،ن طریقہ سے منعقد کرنے کے لئے انتظامیہ نے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے تھے۔