نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ 19) کی رفتار میں قدرے کمی اور وائرس کے نئے کیسز کے مقابلہ میں اس موذی وباء سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ رہنے کے سبب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسزایک لاکھ سے زائد کم ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 14 لاکھ 82 ہزار 754 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی۔ ملک میں اب تک مجموعی طورپر19 کروڑ 18 لاکھ 79 ہزار503 افراد کو اینٹی کورونا ویکسین دیئے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں2 لاکھ،59 ہزار،591 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ 60 لاکھ 31 ہزار 991 ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران تین لاکھ 57 ہزار 295 مریض صحت مند ہوئے جس سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ،27 لاکھ،12 ہزار،735 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وباء سے شفایابی کی شرح 87.25 فیصد ہوگئی ہے۔ اس عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز 1،01،953 سے گھٹ کر 30 لاکھ 27 ہزار 925 رہ گئے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 4 ہزار،209 مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے اس جان لیوا وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 291331 ہوگئی ہے۔