نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایکزیکیوٹیو صدر جے پرکاش نڈا نے آج کہا کہ قومی جمہوری اتحاد نے ملک کو مایوسی کی صورتحال سے نکال کر کسانوں کے آنسو پونچھنے ، خواتین کو ترقی میں حصہ دار بنانے اور ان کی تکلیفوں کو دور کرنے اور غریبوں کی صحت کا خیال رکھنے کا کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شایداسی وجہ سے اتنے بڑے پیمانہ پر عوامی تائید ملی اس لئے اپوزیشن کو اب تباہ کاری کرنے کی جگہ خوداحتسابی سے کام لینے کی ضرورت ہے کیونکہ رسی جل گئی ہے پر بل نہیں گیا ہے ۔مسٹر نڈا نے راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کی شروعات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ان کی تجویز کی انکی پارٹی کے رکن پارلیمان سنپتیا اوئکے نے تائید کی۔مسٹر نڈا نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں انکی حکومت نے ملک کو مایوسی کی صورتحال سے باہر نکالا ہے اور اس الیکشن میں نہ صرف خواتین نے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالے بلکہ زیادہ خواتین بھی منتخب ہوکر آئی ہیں۔ خواتین کے بغیر ترقی نامکمل ہے اور انکی حکومت نے 99فیصد ٹوائلیٹ بنواکر خواتین کو احترام بھی دیا ہے اور اجولا یوجنا سے غریب خواتین کو گیلی لکڑیوں کے دھنویں میں کھانا بنانے کی تکلیف سے نجات دلائی ہے اور انکے پھیپھڑوں کو خراب ہونے سے بچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کے نام پر روٹیاں سینکی گئیں، ان کے نام پر سیاست کی گئی، کسان لیڈر بنانے کی کوشش کی گئی لیکن ان کے آنسووں کو پوچھنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ بی جے پی نے سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کو نافذ کرکے کم از کم سہارا قیمت ڈیڑ ھ گنا کی جبکہ اس سے پہلے وہ رپورٹ دھول کھارہی تھی۔ اتنا ہی نہیں کسانوں کی آمدنی دو گنا کرنے کا کام کیا گیا اور انہیں فصل انشورنس کا فائدہ دیا گیا۔ مسٹر نڈا نے کہاکہ انکی حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی اسکیم کے طورپر پچاس کروڑ غریب لوگوں کو آیوشمان بھارت میں رجسٹرڈ کرکے کے انہیں مفت طبی خدمات حاصل کرنے کا موقع دیا ہے ۔ غریب لوگوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انکے دل کا آپریشن مفت ہوجائے گا۔ اس اسکیم کے بارے میں جب عالمی صحت تنظیم کے ڈائرکٹر جنرل کو پتہ چلا تو انہوں نے مجھ سے کہاکہ آپ دنیا کو بتائیں کہ ہندستان نے ایسی اسکیم نافذ کی ہے ۔ اس اسکیم سے امریکہ، کناڈا اور میکسیکو کی آبادی کے برابر لوگ مستفید ہوئے ہیں۔ پردھان منتری ڈائلاسیس یوجنا سے اب بی پی ایل کارڈ ہولڈر بھی اپنا مفت ڈائلاسیس کراسکتے ہیں۔ عوامی دوا مرکز کھلنے سے غریبوں کو فائدہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا سے ایک کروڑ 53لاکھ گھر بنے اور 2020تک سب کو پکا مکان مل جائے گا۔ اس کے علاوہ غریب لوگوں کے بینک اکاونٹ کھل جانے سے وہ مالی طورپر بااختیار بنے اور 433 اسکیموں راست منتقلی میں شامل کی گئیں۔ اب 90فیصد معیشت منظم ہوگئی ہے اور اقتصادی شعبہ میں انقلاب آیا ہے ۔ ان کا سب کا نتیجہ یہ ہے کہ انکی پارٹی کو اتنے بڑے پیمانہ پر عوامی حمایت ملی۔بی جے پی کے لیڈر نے کہاکہ اپوزیشن کا گھمنڈ اب تک نہیں گیا ہے ۔اسی طرح جس طرح رسی کے جل جانے کے بعد بل نہیں جاتا ہے اس لئے اپوزیشن کو تباہ کاری کرنے کے بجائے خوداحتسابی سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کسی معاملہ پر اپنا عدم اتفاق درج کراسکتی ہے پر صرف عدم اتفاق کے لئے عدم اتفاق ظاہر نہ کرے بلکہ حکومت کے ساتھ تعاون کرے ۔یو این آئی