پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے دو الگ الگ میٹنگیں منعقد کرکے بڈھا امرناتھ یاترا2018اور پندرہ اگست کو ہونے والی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔یاترا کے سلسلے میں منعقد ہوئی میٹنگ میں ایس ایس پی راجیو پانڈے ، اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین ، ایس ڈی ایم سرنکوٹ ،تحصیلدار حویلی ، سرنکوٹ و مینڈھر ، اے آر ٹی او ،بڈھا امرناتھ یاترا کمیٹی کے ارکان ، دشنامی اکھاڑہ کے عہدیداران و معززین بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر سیکورٹی انتظامات ، پانی و بجلی کی معقول سپلائی ، طبی و ٹرانسپورٹ نظام اور یاتریوں کے ٹھہرنے کیلئے جگہ اور صفائی ستھرائی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران بتایاگیاکہ یاترا کا آغاز سترہ اگست سے ہوگا اور پہلا قافلہ بڈھا امرناتھ کو اٹھارہ اگست کو جائے گا جبکہ یہ یاترا چوبیس اگست کو چھڑی مبارک کی روانگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی ۔متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے بتایاکہ یاتریوں کیلئے تمام تر انتظامات کئے جائیں گے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ یاتریوں کیلئے بہتر سے بہتر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایاجائے تاکہ یہ عمل احسن طریقہ سے انجام پاسکے ۔انہوںنے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ بغیر کٹوتی کے سپلائی فراہم کی جائے جبکہ پانی کی سپلائی کو بھی یقینی بنایاجائے جس کیلئے ٹینکروں کا استعمال بھی کیاجائے۔انہوںنے صحت و صفائی کے انتظامات پر بھی زور دیااور کہاکہ یاتریوں کیلئے عارضی بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں ۔انہوں نے اے آر ٹی او کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک نظام میں معقولیت لائیں تاکہ ٹریفک جام کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے چیف میڈیکل افسر کو ہدایت دی کہ وہ موبائل میڈیکل کیمپوں کا اہتمام کریں اور بھمبر گلی سے لیکر منڈی تک طبی سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ مختلف محکمہ جات میں تعاون کے مقصد سے ایک کنٹرول روم قائم کیاجائے گاتاکہ یاتریوں کی مدد کی جاسکے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے پندرہ اگست کو ہونے والی تقریبات کے انتظامات کاجائزہ بھی لیا ۔اس موقعہ پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ سب سے بڑی تقریب سپورٹس اسٹیڈیم میں ہوگی جہاں پرچم کشائی اور پریڈ کی سلامی لی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر کی طرف سے انتظامات کے حوالے سے متعدد کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔موصوف نے ہر ایک محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ انتظامات کو یقینی بنائے ۔