گاندربل// بٹہ وینہ گاندربل کے طبی مرکز میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے آس پاس متعدد علاقوں میں کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بٹہ وینہ میں محکمہ صحت کی جانب سے قائم کئے گئے طبی مرکز میں سرکاری احکامات کے مطابق چار ڈاکٹروں کی تعیناتی ہونی چاہئے جبکہ بٹہ وینہ پبلک ہیلتھ سنٹر میں ایک ہی ڈاکٹر موجود ہوتا ہے جس کے نتیجے میں بٹہ وینہ سے ملحقہ علاقے واکورہ،نواب باغ، ززنہ،سمیت دیگر علاقوں کی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ مریضوںکو طبی مرکز میں ڈاکٹروں کے نہ ہونے کی بنا پر علاج معالجہ کے لئے پندرہ کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل جانا پڑتا ہے۔ اس بارے میں جب چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر معراج الدین سے کشمیر عظمی نے رابطہ کیا، تو انہوں نے کہا کہ بٹہ وینہ طبی مرکز میں دوسرا ڈاکٹر بھی تھا جس کی ترقی ہوئی اور ان کا تبادلہ ہوگیا اب چند روز میں دوسرا ڈاکٹر بھی آجائے گا۔