عظمیٰ نیوز سروس
مدھیم گرام// مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے 48 گھنٹے کے اندر، بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندر ناتھ رتھ کو بدھ کی رات شمالی کولکاتا میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔یہ واردات شمالی 24 پرگنہ ضلع کے مدھیم گرام کے دوہریا، دولتلہ علاقے میں انجام دی گئی، جہاں ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے ایگزیکٹیو اسسٹنٹ چندر ناتھ رتھ کو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے نزدیک سے گولی مار دی۔اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے چندر ناتھ کی گاڑی کا پیچھا کیا، اسے روکا اور دوسری طرف سے کھڑکی سے گولی مار دی۔ حملے کے فوراً بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ وہ ڈرائیور کے بغل والی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے تھے۔
رتھ کے ڈرائیور کو بھی گولی لگی ہے اور اسے کولکتہ کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ بی جے پی کے سرکاری میڈیا چینل نے بتایا کہ مقامی نیوز چینلز نے اطلاع دی کہ فائرنگ میں رتھ شدید طور پر زخمی ہو گئے اور انہیں نزدیک ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ “متاثرہ شخص کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔ ان کے سینے میں کئی گولیاں لگی تھیں، جن میں سے ایک ان کے دل میں پیوست ہو گئی تھی، اور دوسری گولی ان کے پیٹ کے حصے میں لگی تھی۔ انہیں بچانے کا کوئی موقع نہیں ملا۔” پارٹی ذرائع کے مطابق، رتھ نے بھوانی پور حلقے میں ادھیکاری کی تشہیری مہم میں کلیدی کردار ادا کیا، جہاں بی جے پی لیڈر نے سابق وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی کو شکست دی۔ایک مقامی نیوز چینل کو دیے گئے ایک بیان میں بی جے پی کے رہنما اور منتخب ایم ایل اے کوستوو باغچی، جو ہسپتال میں موجود تھے، نے کہا کہ “یہ ہدف بنا کر کیا گیا حملہ تھا۔ حملہ آوروں نے کافی دیر تک رتھ کی گاڑی کا پیچھا کیا اور پھر انہیں گولی مار کر قتل کر دیا۔ یہ ممتا اور ابھیشیک بنرجی کا کام ہے۔ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مجرموں کی شناخت نہیں ہو جاتی۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک لاش کی آخری رسومات نہیں ہو جاتیں۔” ذرائع کے مطابق سویندو ادھیکاری بھی ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔اس واقعے نے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد سویندو ادھیکاری وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دوڑ میں ہیں۔ سال 2021 کی نندی گرام کی شکست کو دہراتے ہوئے ادھیکاری نے بھوانی پور میں موجودہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو شکست دی۔بی جے پی جس نے بنگال اسمبلی انتخابات میں 207 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، حکومت بنانے کے اپنے منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ بنگال میں بی جے پی پہلی بار برسر اقتدار ہوگی۔ وہیں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) صرف 80 سیٹیں حاصل کر سکی، جس سے ریاست میں اس کی 15 سالہ حکمرانی ختم ہو گئی۔آل انڈیا ترنمول کانگریس نے اس واقعے پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ “ہم آج رات مدھیم گرام میں چندر ناتھ رتھ کے وحشیانہ قتل کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین دنوں میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد میں تین دیگر ٹی ایم سی کارکنوں کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ تشدد مبینہ طور پر بی جے پی کے حمایت یافتہ شرپسندوں کے ذریعہ کیا گیا، باوجود اس کے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔