ڈوڈہ //ریاستی ویجی لنس آرگنائزیشن کے جموں ونگ نے ضلع ڈوڈہ میں ایک بنک منیجر سمیت 2افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقائی دیہاتی بنک کی پرانو شاخ کے بنک ملازمین کی طرف سے رشوت طلب کئے جانے کی شکایت موصول ہونے کے بعد جال بچھایا گیا اور برانچ منیجر اومیندر کھرو اور میسنجر ریاض احمد کو عین اس وقت دبوچ لیا جب وہ شکایت کنندہ نثار احمد ساکن تھلرو پرانو سے2000 روپے رشوت لے رہے تھے۔ شکایت کنندہ نے ویجی لنس کو دی گئی شکایت میں کہا تھا کہ اس کے حق میں کسان کریڈٹ کارڈ KCCجاری کرنے کے عوض سے بنک ملازمین نے 10000روپے رشوت طلب کی تھی جس میں سے اس نے 8000روپے ادا کر دئیے تھے تاہم بنک افسران بقیہ دو ہزار روپے ادا کرنے کیلئے دبائو ڈال رہے تھے جس سے تنگ آکر اس نے ویجی لنس سے رجوع کرلیا۔