اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں مختلف محکموں میں آفیسران سمیت عملے کی متعدداسامیا ں خالی پڑی ہیں جبکہ ضلع میں 15بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران کی کرسیا ں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے انتظامی امور چلانے میں سخت دشواریو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ سال اگرچہ کسی حد تک نئے آفیسران کو تعینات کیا گیا لیکن تبادلے ہونے کے ساتھ ہی دوبارہ 15بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسران کی کرسیاں خالی ہو گئی ہیں ۔ذرائع سے معلوم ہوا کہ صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ایک بی ڈی او کومزید 3بلاکو ں کو ایڈیشنل چارج دیا گیا ہے جن میں سوگام اورواورہ شامل ہیں ۔اس طرح ضلع کے باقی 14بلا کو ں کا ایڈیشنل چارج بھی دیگر بلاک آفیسران کو دیا گیا ۔ضلع میں اس وقوت کل 9بلاک آفیسران موجود ہیں جن کو 24بلاکو ں کا کام چلانا پڑتا ہے ۔ضلع میں ہندوارہ ،قلم آباد ،کلاروس ،کیرن ،مژھل ،کپوارہ ،لنگیٹ ،مژھل ،ماگام ،ماور ۔رامحال ،سوگام ،ٹیٹوال ،تارت پورہ اور وارہ ایسے بلاک ہیں جہا ں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران کی کرسیا ں خالی ہیں ۔ضلع میں ایسے دور دارز علاقے جن میں کیرن ،مژھل اور ٹیٹوال شامل ہیں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران کی کرسیا ں خالی پڑی ہیں ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ بی ڈی او کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں محکمہ دیہی ترقی کے کام کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ان علاقوں کا لوگوں کا کہنا ہے کہ پورے ضلع کو نظر انداز کیا گیا اور موسم سرما میں انہیں اپنے کام کرنے میں سخت دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ اولین ترجیحات دیکر کپوارہ ضلع میں خالی پڑی بی ڈی او کی کرسیا ں پر کریں ۔