ریاسی//اپنی پارٹی نائب صدر اعجاز احمد خان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بلاک جِج بگلی کے نارکوٹ، ڈھکی کوٹ، پرانکوٹ اور مضافاتی علاقوں میں موجود راشن ڈیپوئوں پرمناسب راشن سٹاک یقینی بنایاجائے۔نارکوٹ لڈھا میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جِج بگلی بلاک کے دور افتادہ علاقوں میںترقیاتی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ تعلیمی اور طبی سہولیا ت کی انتہائی خستہ حالت اور اِن انتظامیہ مطلوبہ ڈھانچہ و عملہ کی فراہمی کے لئے سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے ڈھکی کوٹ میں بجلی میٹر نصب کرنے اور نارکوٹ، ڈھکی کوٹ، پرانکوٹ اور دیگر علاقہ جات میں غیر علانیہ بجلی سپلائی کا مطالبہ کیا۔موصوف نے بلاک جِج بگلی میں قبائلی کلسٹر گائوں کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ خوبصورت علاقوں کو سیاحتی نقشہ پر لاکر دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کی بھی مانگ کی۔ موصوف نے پناسہ سے پرانکوٹ سڑک کا تعمیری کام بھی مکمل کرنے کا مطالبہ کیا جس پر سست روی سے کام جاری ہے۔ اس سڑک کی تعمیر سے نارکوٹ، ڈھکی کوٹ اور پرانکوٹ گائوں کو فائیدہ ہوگا۔دریں اثناء سابقہ ایم ایل اے اور سنیئر پارٹی لیڈرممتاز احمد خان نے بھی عوامی میٹنگوں سے خطاب کیا اور اسکولوں میں مناسب ڈھانچہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کی پالیسی اور ایجنڈے کو اْجاگر کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں کی بہبود اور سبھی خطوں کی بلا امتیاز ترقی کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آئی تو اجولا یوجنہ اسکیم کے تحت فی کنبہ سالانہ چار گیس سلنڈر دیئے جائیں گے، ماہانہ بیوہ پنشن پانچ ہزار روپے کی جائے گی۔ گرمائی ایام کے دوران صوبہ جموں میں 500اور کشمیر صوبہ میں300یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی مقامی نوجوانوں کے لئے صنعتی شعبہ میں روزگار یقینی بنانے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق کو محفوظ بنانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی وسائل پر غیر مقامی افراد کا غلبہ اور لوٹ کھسوٹ قطعی بردداشت نہ کی جائے گی جس وجہ سے یہاں پر بے روزگاری میں حد درجہ اضافہ ہواہ ے۔پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی یقین دہانی کے حوالے سے ممتاز خان نے کہا کہ پارٹی امتیازی سلوک کا خاتمہ کرے گی اور معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا’’ہم عوام اور حکومت کے درمیان دوری کوختم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ اس کے لیے اسمبلی انتخابات کا انعقاد اورجموں و کشمیر کاریاستی درجہ بحال کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت عوام کو جوابدہ ہے لیکن ایل جی انتظامیہ ایسا نہیں ہے۔ اس لیے انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے اور اسے جلد از جلد کرانا چاہیے۔